عمران خان کی حکومت بے حس اور عوام دشمن ہے، ڈاکٹر طارق سلیم

102

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت بے حس اورعوام دشمن ہے آئی ایم ایف کی مکمل چاکری پر مامور حکمران ہر ماہ عوام پر پیٹرول بم گرارہے ہیں، رمضان المبارک میں پیٹرول کی بے پناہ قیمتیں بڑھائی گئیں، اب پھر مسائل و مہنگائی میں پسے عوام کو عید کا تحفہ دیا گیا۔ جماعت اسلامی عوام کی ترجمانی کے لیے آئی ایم ایف کی غلامی اورمہنگائی کیخلاف عیدالفطرکے بعد احتجاجی تحریک کا آغازکررہی ہے، ملک کے تمام بڑے شہروں میں امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق کی قیادت میں عوامی مارچ منعقد کریں گے۔ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی پی پی 13کے زیراہتمام منعقدہ مردوخواتین کی تربیتی نشست اور عوامی افطارپروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیتی نشست میں ضلعی سیکرٹری سیدامجدحسین شاہ، امرائے زون امتیاز علی اسلم، ملک محمدالیاس، ڈاکٹر محمد عثمان ظفر سمیت دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ جماعت اسلامی مملکت خداداد میں نظام مصطفےﷺ کے قیام کے لیے جدوجہد کررہی ہے، باطل کے بت ٹوٹیں گے اور بالآخر اسلام کو دنیا بھر میں غلبہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا نیا چہرہ تحریک انصاف ہے، اس سے قبل کی تمام حکومتوں کے لوگ جمع کرکے دھونس دھاندلی سے موجودہ حکومت قائم کی گئی جس کے کپتان سمیت تمام وزراء نااہل اور بددیانت ہیں۔ عوام پر ٹیکسوں کے بوجھ لاد کر مامے، چاچوں کو نواز جارہا ہے۔ حکومتی خزانے میں لوٹ مار کرنے والوں کو جیل بھجوانے کے بجائے وزارتیں تبدیل کردی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خارجہ، داخلہ، معیشت سمیت تمام محاذوں پر بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ عوام اپنے ووٹ کے رویے کو بدلتے ہوئے جماعت اسلامی کی پشتیبانی کرے تاکہ ملک وقوم کے مسائل کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔