پہلی عید اسپیشل ٹرین کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ

87

کوئٹہ (نمائندہ جسارت ) پہلی عید اسپیشل ٹرین کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہو گئی ، ٹرین سبی، ملتان، لاہور سے ہوتی ہوئی (آج) پیر کی شام ساڑھے چھ بجے راولپنڈی پہنچے گی۔ اتوار کو کوئٹہ سے 10 بوگیوں پر مشتمل خصوصی عید ٹرین ساڑھے گیارہ بجے روانہ ہوگئی جو سبی، ملتان، لاہور سے ہوتی ہوئی (آج) پیر کی شام ساڑھے چھ بجے راولپنڈی پہنچے گی۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ عید ٹرین میں بکنگ دو دن قبل ہی بند ہوچکی تھی جبکہ 8 جون کو راولپنڈی سے واپس کوئٹہ آنے والی عید اسپیشل ٹرین کی بکنگ بھی مکمل ہوچکی ہے۔پاکستان ریلوے کی جانب سے عید پر 5 خصوصی ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں، کراچی سٹی اسٹیشن سے پشاور کے لیے ٹرین بھی روانہ ہوگئی ، تیسری ٹرین (آج) پیر کو 11 بجے کراچی کینٹ سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔ریلوے حکام کے مطابق چوتھی ٹرین 8 جون کو راولپنڈی سے 8 بجے کوئٹہ روانہ ہوگی جبکہ پانچویں ٹرین 8 جون کو لاہور سے شام 6 بجے کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔