مہنگائی کا سونامی عوام کو بہاکر لے جائے گا،میاں اجمل

71

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115کے امیرمیاںاجمل حسین بدر ایڈووکیٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ مہنگائی کا سونامی عوام کو بہاکر لے جائے گا۔ موجودہ حکمران ٹولے نے عوام کو ریلیف دینے ٗآئی ایم ایف سے آزادی اور قرضوں کی لعنت کے خاتمے کے وعدوں اور دعووں کے ساتھ الیکشن لڑا تھا۔ مگر افسوس کہ اقتدار کے ایوانوں میں براجمان ہونے کے بعد وہ اپنے سارے وعدوں اور دعوئوں کو بھول گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تو ملکی خزانہ ہی آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے آئی ایم ایف نے اپنے خاص آدمی قومی خزانے پر بٹھا دیے ہیں۔اب پاکستان کا بجٹ بھی آئی ایم ایف والے خود ہی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، ڈالر کی اُڑان، بجٹ خسارہ، قرضوں کا بوجھ اور اوپر سے حکومت کی بے تدبیری سے عوام سخت پریشان ہیں۔ مہنگائی ٗ بجلی ٗ گیس کے بلوں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ حکومت کی طرف سے آئے دن مہنگائی کے بم عوام پر برسائے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ان حالات میں اب زیادہ دیر عوام خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھیں گے۔ عید کے بعد 23جون کو فیصل آبادکے عوام حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں اور مہنگائی کے بڑھتے ہوئے طوفان کیخلاف باہر نکلیں گے۔