سینیٹرسراج الحق کی قیادت میں23جون کو فیصل آباد میں بڑا عوامی مارچ ہوگا

106

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر بلال قدرت بٹ نے کہا ہے کہ سینیٹرسراج الحق کی قیادت میں23جون کو فیصل آباد میں بڑا عوامی مارچ ہوگا، عوام نے پی ٹی آئی سے جو توقعات اور امیدیں وابستہ کی تھیں وہ مایوسی میں بدل گئی ہیں۔سود کواللہ اور اس کے رسول ﷺ نے اپنے ساتھ جنگ قراردیا ہے لیکن حکمران بڑی ڈھٹائی سے یہ جنگ لڑ رہے ہیں جس کی وجہ سے ذلت و رسوائی ان کا پیچھا نہیں چھوڑ رہی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زون پی پی117اورپی پی110کے زیر اہتمام شب بیداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری ملک معراج الدین،نائب امیر راناعدنان خان ، زونل امیر117عمران رشید،زونل امیر 110 عمر فاروق،ڈاکٹرامجدخاں اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ ملک کرپٹ اور بددیانت لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے، جس کی وجہ سے معاشرہ ظلم اور ناانصافی کی آماجگاہ بن چکا ہے،جب تک ملک میں قرآن و سنت کا نظام رائج نہیں ہوتا، ظلم و جبر کے نظام سے نجات نہیں مل سکتی۔انہوں نے کہا کہ حکمران سود ی قرضوں اور استحصالی نظام معیشت کو چھوڑنے کیلیے تیار نہیںجس کی وجہ سے پورے ملک پر نحوست چھائی ہوئی ہے۔ عوام ایک اسلامی ،خوشحال اور بیرونی قرضوں سے آزاد پاکستان کیلیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی ملک میں اسلام کے عادلانہ اور منصفانہ نظام کی جدوجہد کررہی ہے ،جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام چاہتی ہے جس میں غریب اور کمزوروں کو بھی وہی حقوق حاصل ہوں جو وزیروں مشیروں کو حاصل ہوتے ہیں، اسلامی نظام اور شریعت محمدی ؐ کے نفاذ سے ہی عوا م کے مسائل حل اور ملک بحرانوں سے نجات حاصل کرسکتا ہے۔