بلوچستان حکومت گرانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا،سینیٹر منظور کاکڑ

106

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری و سینیٹر منظوراحمد کاکڑ نے کہا ہے کہ کوئی بھی طاقت بلوچستان حکومت کو نہیں گراسکتی، عوام نے خدمت کرنے کا موقع دیا ہے 5 سال تک اپوزیشن اور قوم پرست جماعتیں انتظار کریں۔ ایک قوم پرست جماعت کے سربراہ کے بیان پر رد عمل کااظہار کرتے ہوئے منظوراحمد کاکڑ نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے کی ترقی وخوشحالی کے لیے کوشاں ہے، 5 سالہ پلان سے بلوچستان میں ناقابل یقین ترقی کا دور شروع ہوگیا بعض سیاسی جماعتیں حکومت گرانے کا شوشہ چھوڑ کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں مگر یہ خواب کبھی بھی پورا نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو حکومت کرنے کا حق ہے مگر غیر جمہوری طریقے سے کسی بھی طرح حکومت گرانے کی کوشش کی گئی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے یہ سازشی لوگ ہیں یہ اپنے سیاسی ساکھ کو بچانے کے لیے اخبارات کے ذریعے عوام کو گمراہ کررہے ہیں جب ان کو اقتدار ملا بھی تھا تو بلوچستان کی ترقی کے لیے کونسا قدم اٹھایا گیا، بلوچستان حکومت اپنی مدت پوری کرے گی کیونکہ عوام نے عام انتخابات میں مینڈیٹ دیا تھا اور مینڈیٹ کا احترام ہر کسی پر لازم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی ایک سیاسی قوت بن چکی ہے جس سے کوئی انکار نہیں کرسکتا ۔