قرآن اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں،حسن بلال ہاشمی

95

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )اسلامی جمعیت طلبہ کے ڈویژنل ناظم حسن بلال ہاشمی نے کہا ہے کہ نزول قرآن کی ماہ مقدس رمضان میں عظیم مملکت کا قیام محض اتفاق نہیں ہوسکتا، قرآن اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھ کر عملی طور پر قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے بغیر ہماری بقا و سلامتی ممکن نہیں، اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کی جدوجہد قرآن کے سائے میں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز اس وقت جن مصائب اور آزمائشوں میں گھرا ہوا ہے اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ ہم نے جس وعدے پر یہ وطن حاصل کیا تھا اس سے روگردانی کررہے ہیں، امن ترقی خوشحالی اور بقا کے لیے ہمیں اپنے اساس کی جانب لوٹنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران نعرے تو مدینے جیسی ریاست کے لگاتے ہیں مگر ان کا عمل اس سے متصادم ہے، اگر واقعی مدینے جیسی ریاست کا قیام مقصود ہے تو قرآن کو نظام کے طور پر نافذ کرنا ناگزیر ہے، رمضان میں پاکستان کا قیام عمل میں آنے میں یہی پیغام پنہاں ہے۔