حکومت زرعی معیشت پر تیل بم گرا کرزرعی معیشت کی تباہی کا سبب بن رہی ہے

94

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)کسان بورڈ کے ضلعی صدرعلی احمدگورایہ نے تیل کی قیمتوں میںبار بارظالمانہ اور بے انتہا اضافے پرشدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے تیل ڈرون بم حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت زرعی معیشت پر تیل بم گرا کرزرعی معیشت کی تباہی کا سبب بن رہی ہے۔ حکمران طبقہ نے ڈیزل بم کا ڈرون حملہ کر کے ستر فی صد کسانوں کی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔چند ماہ میں موجودہ حکومت نے دو ضمنی بجٹ بم گرانے کے بعد بار بارتیل بم گرا کر عوام کا کچومر نکال دیا ہے۔عید الفطر کے موقع پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے حکمرانوں نے عید کی خوشیاں ماند کر دی ہیں ۔ شوگر ملوں کی لوٹ مار اور انڈین آبی دہشت گردی کی وجہ سے دریائوں میں پانی کی شدید کمی کی وجہ سے کسان پہلے ہی پریشان تھے مگر اب تیل کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ قریب المرگ زرعی معیشت کیلیے زہر قاتل ثابت ہو گا،کھڑی فصلیں تباہ اور آئیندہ فصلوںکی پیداوار شدید متاثر ہوکر ملک قحط سالی کا شکار ہوجائے گا اور حکمرانوں کی کسان دشمن پالیسیوں کی وجہ سے دم توڑتی ملکی زرعی معیشت تباہ ہو جائے گی۔تیل کی قیمتیں بڑھنے سے ملکی صنعت،تجارت اور زراعت کا بھٹہ بیٹھ جائے گا۔کسان بورڈ کے صدر علی احمدگورایہ نے قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر تے ہوئے اسے ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے حکمرانوں کو وارننگ دیتے کہا ہے کہ کسانوں پر ڈیزل بم کے ڈرون حملے بند کیے جائیں وگرنہ کسان اور عوام سراپا احتجاج بن جائیں گے۔
سکھر، آرمی سلیکشن اینڈ ریکروٹمنٹ سینٹر پنوعاقل کا اعلامیہ
سکھر (نمائندہ جسارت) آرمی سلیکشن اینڈ ریکروٹمنٹ سینٹر پنوعاقل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان آرمی میں بطور کیپٹن شمولیت اختیار کرنے کے لیے لیڈی کیڈٹ کورس 15- انٹری 2019ء کی آن لائن رجسٹریشن 27 مئی 2019ء سے جاری ہے اور آخری تاریخ 12 جون 2019ء ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے آرمی سلیکشن اینڈ ریکروٹمنٹ سینٹر پنوعاقل کے فون نمبرز 0715805599 اور 03033573741 پر رابطہ یا پاکستان آرمی کی ویب سائٹ www.joinpakarmy.gov.pk بھی وزٹ کی جاسکتی ہے۔
سرگودھا، بازاروں میں سیکورٹی کے انتظامات سخت
سرگودھا (اے پی پی) عید کی آمد کے ساتھ ہی بازاروں میں سیکورٹی کے انتظامات سخت کردیے گئے ہیں۔ خاتون پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں بھی خواتین کے شاپنگ والے مراکز میں لگا دی گئی ہیں جبکہ سول کپڑوں میں بھی پولیس اہلکار بازاروں میں گشت کررہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جاسکے۔