مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج اور مظاہرین میں جھڑپیں ،متعدد کشمیری زخمی

438

سری نگر(آن لائن‘اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کلگام کے گاؤں تاریگام میں بھارتی فوج کے تلاشی اور سرچ آپریشن کے خلاف بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں اور گلیوں میں نکل آئے اور آپریشن میں حصہ لینے والے فوجیوں پر پتھراؤ کیا ۔ اس موقع پر بھارتی فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور بیلٹ گنوں کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے ۔ مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہاہے کہ رمضان المبارک اور عید الفطر کا بہترین پیغام یہی ہے کہ مقبوضہ علاقے کو بھارتی تسلط سے آزاد کرانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے۔ کشمیرمیڈیا کے مطابق علی گیلانی، حریت فوم کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروقنے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اپنے پیغام میں کہاکہ ہزاروں شہدائے کشمیر اورحق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے پر بھارتی جیلوں میں نظربند سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کو اپنی دعائوں میں یاد رکھیں۔ کشمیری عوام اس سال بھی عید اس یقین اور عزم کے ساتھ منائیں گے کہ ان کی بے شمار قربانیاں جلد رنگ لائیں گی۔ انہوں نے جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ایک بیان میں این آئی اے کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ضلع کولگام میں2شہید نوجوانوں کے آبائی علاقوں میں ہزاروں افراد نے ان کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نوجوانوں فردوس احمد بٹ اور سجاد احمد کو بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز ضلع شوپیان کے علاقے مولو چتراگام میں ان کی گاڑی پر فائرنگ کرکے شہید کیاتھا۔ شہید نوجوانوںکو آزادی اور پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیاگیا۔نماز جنازہ کے موقع پر کئی مجاہدین اچانک نمودار ہوئے اور ہوا میں فائرنگ کرکے شہید نوجوانوں کو سلامی دی۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے جموں وکشمیر مسلم لیگ کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کو جموں کی جیل سے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں منتقل کیا ہے۔ سری نگر کے مضافاتی علاقے پانتہ چوک میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک شخص کو گولی مارکر قتل کردیا۔ مقتول کی شناخت سمیر احمد وانی کے طورپر ہوئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی ہائیکورٹ نے معروف دینی عالم اور جمعیت اہلحدیث کے نائب صدر مشتاق احمد ویری کی نظربندی کے احکامات کو کالعدم قراردیا ہے۔ انہیں رواں سال 22فروری کو گرفتارکیا گیا تھااور مارچ میں کالے قانون کے تحت جیل میں نظربند کیاگیا تھا۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ کو جو پہلے ہی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی حراست میں ہیں۔بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے گرفتارکیا۔ان کو نئی دہلی کی خصوصی عدالت میں پیش کیاگیا۔ این آئی اے کے ایک عہدیدار نے شبیر احمد شاہ کی اہلیہ کوسری نگر میں ٹیلیفون کرکے اس اقدام سے مطلع کیا۔