بلوچستان، فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق، 4 زخمی

84

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے تین واقعات میں تین افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کیچی بیگ تھانے کی حدود میں قنبرانی روڈ پر پیش آیا جہاں معمولی تنازع پر دو گروہوں میں تصادم ہوا، مخالفین کی فائرنگ سے لال محمد ولد باز محمد جاں بحق جبکہ نور محمد ولد باز محمد اور محمد رمضان ولد باز محمد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی شخص دونوں آپس میں بھائی ہیں۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوشش کی جارہی ہے۔ دوسرا واقعہ ضلع جعفر آباد کی تحصیل اوستہ محمد میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے بجوانی بائی پاس کے قریب فائرنگ کرکے علی محمد عمرانی کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ سوراب کے علاقے میرانی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی ہوگیا، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، لیویز نے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔