کرپشن کیس:چیئرمین بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا فرنٹ مین گرفتار

79

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت )نیب بلوچستان نے بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کرپشن کیس میں سابق چیئرمین بی ڈی اے سادات انور کے فرنٹ مین خادم حسین کو گرفتار کر لیا۔ نیب حکام کے مطابق سابق چیئرمین بی ڈی اے انور سادات غیر قانونی اثاثہ جات کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور سابق چیئرمین کے فرنٹ مین خادم حسین کو خضدار سے گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم نیب کو کرپشن کے2 مختلف کیسیز میں مطلوب تھا۔ ملزم نے سابق چیئرمین کے فرنٹ مین کے طور پر سادات انور کے 5 سے زائد
بینک اکاؤنٹس اور کروڑوں روپے مالیت کی متعدد جائدادیں اپنے نام بنا رکھی تھیں جبکہ ملزم نے اپنے5 سے زائد بینک اکاؤنٹس میں چیئرمین کے لیے25 کروڑ روپے سے زائد رشوت کی مد میں رقم بھی وصول کی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نیب کو 2015ء سے مطلوب تھا جو سابق چیئرمین بی ڈی اے کے کہنے پر مفرور تھا، ملزم خادم حسین کی گرفتاری سے سادات انور کی مزید غیر قانونی جائدادوں کا سراغ ملنے کا امکان ہے۔ نیب نے ملزم کو خضدار سے گرفتار کرکے 4 روز کا ریمانڈحاصل کر لیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔