تبدیلی وخوشحالی کے سارے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے

114

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115کے امیرمیاںاجمل حسین بدر ایڈووکیٹ اورجنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ تبدیلی وخوشحالی کے سارے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے،ملک وقوم کوعالمی مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے، مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، روٹی کپڑا اور مکان کے دعوے داروں نے بھی عوام سے روٹی کا نوالا چھین لیا ہے‘ حقیقی تبدیلی اورخوشحالی سمیت عوام کے تمام ترمسائل کا حل صرف قرآن وسنت کے نفاذ میں مضمر ہے۔رہنمائوں نے کہاکہ جماعت اسلامی محض چہروں کو نہیں بلکہ پورے نظام کو تبدیل کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے‘ فرسودہ نظام اور کرپٹ قیادت نے مہنگائی بیروزگاری، محرومیوں اور کرپشن کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔ اجمل حسین بدرایڈووکیٹ نے کہاکہ دس ماہ میں تبدیلی سرکار ایک بھی اینٹ لگانے میں ناکام رہی ہے اقتصادی بحران شدید تر ہے۔معاشی محاذ پر حکومت کی نااہلی، ناتجربہ کاری اور بغیر کسی سوچ وبچار کے اعلانات اور اقدامات معاشی زوال کو تیز کر رہے ہیں۔ خود انحصاری اور قومی اتحاد کی بحالی کے بجائے فوجی آمریتوں، شریف اور بھٹو ادوار کی پالیسیوں کو ہی آگے بڑھایا گیا اس لیے بحران اور زوال بھی برق رفتار ہے۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی 23 جون کوفیصل آباد میں مہنگائی، بے روزگاری، سودی لعنت اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف عوامی مارچ ضرور کر ے گی۔ عوام مہنگائی اور بے روزگاری کے سونامی کی زد میں ہیں اور شدید پریشان ہیں۔