غیر قانونی تجارت کے خاتمے کیلیے بینکنگ سہولت فراہم کی جائے، ایران

152

کوئٹہ (صباح نیوز) ایرانی قونصل جنرل محمد رفیع نے کہا ہے کہ بینکنگ سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث پاکستان اور ایران کے درمیان غیر قانونی تجارت کو فروغ مل رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام عید ملن پارٹی کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان نے غیر قانونی تجارت کے خاتمے اور سرحد پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کیلیے متعدد سنجیدہ اقدامات اٹھائے ہیں، پاک ایران بارڈر کیلیے رسپانس
فورس تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے اقرار کیا کہ پاکستان شدید معاشی بحران کا شکار ہے لیکن وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آکر قومی معیشت کیلیے مؤثر اقدامات اٹھائے ہیں جس کے مثبت ثمرات جلد نمایاں ہوں گے۔ ایرانی قونصل جنرل نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے باوجود اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔ محمد رفیع نے زور دیا کہ بارڈر پر مؤثر بینکنگ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ایرانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ بینکنگ کی سہولیات کے بغیر بلوچستان سے ملحقہ تافتان سرحد (پاک ایران سرحد زیرو پوائنٹ) سے غیرقانونی تجارت نہیں روکی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں پاک ایران تعلقات میں بہتری آئی تاہم بعض اقتصادی اور تجارتی مسائل کو دور کرکے دونوں ممالک کے تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ ایرانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ایرانی مصنوعات پر ٹیکس اور ڈیوٹی میں اضافے کے باعث دونوں ممالک کے درمیان غیرقانونی تجارت میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران ریلوے لائن کی مرمت میں بھرپور تعاون کریں گے۔
ایران