ہیکرز نے بھارتی لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرکے وہاں وزیراعظم عمران خان کی تصویر لگادی۔
تفصیلات کے مطابق اکاؤنٹ ہیک ہونے کے بعد ڈسپلے تصویر میں امیتابھ بچن کی تصویر کی جگہ وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کی تصویر لگادی گئی اور ہیکرز نے امیتابھ بچن کے اکاؤنٹ کے تعارف میں لکھا کہ ‘پاکستان سے محبت کرنے والا اداکار۔’
بگ بی کے اکاؤنٹ سے پاکستان اور ترکی کے پرچم والی تصویر بھی شیئر کی۔ ہیکرز نے امتیابھ کے اکاؤنٹ سے ٹویٹ کیا تھا، ’یہ پوری دنیا کے لیے ایک اہم پیغام ہے! ہم ترکی فٹ بال کے کھلاڑیوں کی طرف سے آئس لینڈ کی رویے کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم محبت سے بات کرتے ہیں، لیکن ہم ایک بڑی چھڑی رکھتے ہیں اور آپ یہاں ہمارے بڑے سائبر حملے کے بارے میں کہہ رہے ہیں، ایلیڈیز ٹم ترکی سائبر فوج ہے۔‘
ہیکرز نے اپنا تعارف ترکش سائبر آرمی کے طور پر کرایا، ترکش سائبر آرمی نامی ہیکرز نے بھارتی حکومت کی مسلم کش پالیسی پر تنقید کی۔
ہیکروں کی جانب سے کی گئی ایک اور ٹویٹ میں بھارت کی جانب سے مسلمانوں پر کیے گئے مظالم پر بھی بات کی گئی ہے۔ ٹویٹ میں تحریر ہے کہ ’ بھارت جو ماہِ رمضان میں روزہ دار مسلمانوں پر حملے کررہا ہے وہ امت پر حملہ کررہا ہے اور وہ بھی اس دور میں جبکہ بھارتی مسلمان ہم پر بھروسہ کرتے ہیں۔
چند منٹوں بعد ہی امیتابھ کا ٹویٹر اکاؤنٹ بحال کردیا گیا اور تمام ٹویٹس ڈیلیٹ کردی گئیں۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن ٹویٹر پر اپنی مصروفیات سے مداحوں کو آگاہ کرتے رہتے ہیں، ٹویٹر پر بگ بی کے فالوورز کی تعداد 3 کروڑ 73 لاکھ سے زائد ہے۔