اسلامی اور خوشحال پاکستان ہی مسائل کا حل ہے،چودھری عمرفاروق

119

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشد محمودنے کہا ہے کہ عمران خان حکومت کی مایوس کن کارکردگی نے نوجوانوں کے جوش و جذبے کو شدید دھچکا لگایا ہے۔ مال و دولت، سیاسی بے وفائوں اور ریاستی اداروں کی طاقت سے اقتدار کا تجربہ بار بار ناکام ہواہے اور اب بھی قلیل مدت میں ناکام منظر پیش کر رہاہے۔ نوجوان متحد ہوں، اسلام اور پاکستان کی محبت کی بنیاد پر ظلم، جبر اور کرپٹ نظام کو پلٹ دیں۔ اسلامی اور خوشحال پاکستان ہی مسائل کا حل ہے۔ جماعت اسلامی فیصل آبادمیں23 جون کو مہنگائی، بے روزگاری اور آئی ایم ایف سے خفیہ، بدترین غلامی کے معاہدے کے خلاف امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق کی قیادت میںچنیوٹ بازارسے گھنٹہ گھرتک عوامی مارچ کرے گی جس میں ہزاروںنوجوان شریک ہوں گے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے عوامی مارچ کے سلسلہ میں جے آئی یوتھ کی تیاریوںکے جائزہ کے موقع پر نوجوانوںسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ عوامی جذبوں کی ترجمانی کے لیے ملک گیر عوامی مارچ اور احتجاج کے لائحہ عمل کا 16 جون کو امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اعلان کریں گے،جبکہ23جون کو فیصل آبادمیں حکومت کے خلاف ایک بڑاعوامی مارچ ہوگاجو حکومت کی ناکام اورعوام دشمن پالیسیوںکے خلاف شدیدنفرت کااظہارہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاناما لیکس کے 436 افراد سمیت کرپشن کے میگا اسکینڈلز، قرضے معاف کرانے والوں کو عمران خان بھلا بیٹھے ہیں۔ احتساب تو سب کاہونا چاہیے اور جماعت اسلامی کا اصولی موقف یہی ہے کہ پاکستان کرپشن فری ہو، سب کا بلاتفریق احتساب ہواور قومی دولت واپس آئے۔ عمران خان حکومت متنارع انتخابی نتائج پر زبردستی قائم کی گئی ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور سیاسی انتشار کا سونامی ہی نااہل اور ناکام حکومت کو لے ڈوبے گا۔