کراچی میں پاک کالونی کے علاقے میں رینجرز کی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم بی ایل اے کے رکن سمیت 4دہشت گرد مارے گئے جب کہ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدا ر اسلحہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رینجرز نے انٹیلی جنس کی خفیہ اطلاع پر پاک کالونی کے علاقے پرانا گولی مار میں سرچ آپریشن شروع کیا، رینجرز اہلکاروں کی علاقے میں موجودگی پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔ جب کہ رینجرز نے ملزمان کا پیچھا کیا اور دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔رینجرز کی جوابی فائرنگ سے 4دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق بلوچستان لبریشن آرمی اور لیاری گینگ وار سے ہے جن کی شناخت بابل ڈاڈا ، شاہد اور سائٹ سے ہوئی ہے جب کہ ایک ملزم کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد رینجرز نے قبضے میں لے لیا ہے۔