اینٹوں پر لگائے جانے والے سیلز ٹیکس کو مسترد کرتے ہیں،بھٹہ مالکان

79

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)فیصل آباد کے بھٹہ مالکان نے حکومت کی طرف سے حالیہ بجٹ میں اینٹوں پر لگائے جانے والے سیلز ٹیکس کو مسترد کرتے ہوئے مرحلہ وار احتجاج کا اعلان کر دیا ہے ۔پہلے مرحلے میں اینٹوں کی سیل بند دوسرے مرحلہ میں بھٹے مکمل بند اور تیسرے مرحلے میں احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا جائے گا ۔ اس بات کا فیصلہ مرکزی دفتر ڈیرہ چوہدری علی اصغربھولا گجر شہید جھنگ روڈ پرضلعی صدر چودھری عبدالرزاق باجوہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا ۔جس میں چیئرمین حاجی محمد الطاف،چودھری اشرف گجر،سینئر نائب صدر میاں فرمان علی،رانا آصف صادق،میاں یوسف ، رانا صدیق بلو،رانا جمیل ،کلیم رندھاوا،رانا ابرار،رانا عمران مٹھو،رانا انوار،حاجی غلام مصطفی،رانا فرمان، رانا شیر خاں،حاجی منیر ،میاں عارف اوررانا رشید و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر چودھری عبدالرزاق باجوہ نے کہا کہ بھٹہ کا کاروبارصنعتی نہیں نہ ہی اس پر فیکٹری ایکٹ لاگو ہوتا ہے یہ تو دیہات کا کلچر ہے اس پر سیلز ٹیکس کا نفاذ نہیں ہوتا۔ اگرحکومت نے اپنا فیصلہ فوری طور پر واپس نہ لیا تو مرحلہ وار احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا جس سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہو جائیں گے اس کی تمام ذمے دار حکومت وقت پر ہو گی۔انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں پیش کیا جانے والا بجٹ ملکی تاریخ کا بدترین بجٹ ہے جس سے غریب کو مزید مہنگائی میں جھونک دیا گیا ہے ۔ غریب عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ حکومت اپنی نا اہلی کا بدلہ عوام سے لے رہی ہے۔بجٹ کا خسارا سارے کا سارا ناہل حکمرانوں کا مرہون منت ہے۔عوام نئے پاکستان میں خود کشیوں پر مجبور ہو جائیں گے۔