سیاسی اشرافیہ کوملنے والے ریلیف کی کوئی مثال ماضی میں نہیں ملتی،عمران رشید

98

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی117کے امیر عمران رشید،جنرل سیکرٹری رانامحمداقرارنے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی اشرافیہ کو عدالتوں نے اب تک جتنا ریلیف دیاہے اس کی کوئی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ان عدالتوں میں عام آدمی خوف کے ساتھ داخل ہوتا ہے اور ذلت کے ساتھ باہر آتا ہے جبکہ بدمعاش اور لٹیرے ان عدالتوں سے وکٹری کا نشان بناتے ہوئے نکلتے ہیں۔ آصف زرداری، حمزہ شہبازاور الطاف حسین کی گرفتاری اللہ کی پکڑ ہے اور طاقت کے گھمنڈ میں مبتلا رہنے والی اشرافیہ کے لیے اس میں غوروفکر کا بہت ساسامان ہے۔ آصف زرداری کی گرفتاری پر فردوس عاشق اعوان اوران کے ہمنوا جو بغلیں بجا رہے ہیںان کی ڈھٹائی پر حیرت ہے، یہ لوگ توبہتی گنگا کے وقت سابق صدر کے ساتھی رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بطور شہری اور انسان ہم کسی کی گرفتاری یا تکلیف پر خوشی کا اظہار نہیں کرسکتے لیکن یہ رہنما اپنی ماضی کی غلطیوں پر قوم سے معافی مانگیںاور آئندہ سدھرنے کی کوشش کریں۔انہوںنے مزید کہاکہ حکومت کی منافقانہ پالیسی بے برکتی اور عوام میں مایوسی پیدا کر رہی ہے ۔ و زیراعظم اپنے خطاب میں جذبہ خیرکاحوالہ دے کر ٹیکس نیٹ بڑھانے کی اپیلیںکرتے ہیںاور اسی سانس میں ٹیکس ایمنسٹی جیسی بے شرم اسکیم کا بھی کریڈٹ لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام ٹیکس دینے پر بخوشی راضی ہوسکتے ہیںجب بنی گالہ،رائے ونڈاور بلاول ہائوس کے محلات والے حکمران اپنا معیار زندگی عام آدمی کی سطح پرلے آئیںیا عام آدمی کا معیار زندگی اپنی سطح پر لے جائیں۔