ملکی دولت لوٹنے والوں کی گرفتای خوس آئندہ ہے، ڈاکٹر سلیم

106

 

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ بجٹ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی، تبدیلی سرکارسے امیدیں وابستہ کرنے والے مہنگائی کی دلدل میں دھنستے چلے جارہے ہیں، خط غربت سے نیچے زندگی گزرانے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے نے حکمرانوں کے وعدوں اور دعووں کی قلعی کھول کراصل چہرہ قوم کودکھادیا ہے۔سرگودھاڈویژن کے دورے پرروانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ ملکی دولت لوٹنے اور معیشت سے کھلواڑ کرنے والے سیاستدانوں کی گرفتاری خوش آئندہے لیکن عمران خان اپنی پارٹی اوراتحادی گروہ کے کرپشن زدہ افراد اور چوروں کی نانی کو اقتدار کے ایوانوں میں بٹھا کر کون سا احتساب کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں کرپشن پہلے بھی موجود تھی لیکن نیا پاکستان قائم ہوتے ہی کرپشن کے ریٹ بڑھ گئے ہیں، جاگیردار اور سرمایہ دار تو ملکی دولت پر آج بھی عیاشی کررہے ہیں لیکن عام آدمی کی کسی ادارے میں شنوائی نہیں، اس کے مقدر میں صرف رسوائی ہے۔ جماعت اسلامی اپوزیشن اور حکومت سے بالاتر ہر کرپٹ اور بددیانت کا احتساب چاہتی ہے۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ پاناما لیکس میں شامل لائسنس یافتہ 436 لٹیرے آج بھی دندناتے پھر رہے ہیں۔ کنگ پارٹی سمیت حکمران اتحاد میں شامل وزراء اور ممبران اسمبلی کی فائلیں نادیدہ ہاتھوں نے بند کروا دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ اعداد و شمار کے گورکھ دھندوں کے باوجود چیخ چیخ کر کہہ رہا ہے کہ مہنگائی کا سونامی متوسط اور درمیانے درجے کے عوام کا چولہا بجھا دے گا اور عوام خودکشیوں پر مجبور ہوں گے۔