سری نگر(آن لائن +اے پی پی)مقبوضہ کشمیرمیں سرچ آپریشن،فائرنگ سے بھارتی میجر ہلاک‘ 2 نوجوان شہید۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے علاقے اچھابل میں بھارتی فوج کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں میجر راہول ورما ہلاک جب کہ بھارتی فوج کا ایک اور میجر 2 اہلکاروں سمیت زخمی ہوگیا۔دوسری جانب بھارتی فوج کے مطابق میجر راہول ورما اہلکاروں کے ہمراہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے گئے تھے جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔واقعے کی اطلاع پر مزید نفری طلب کرلی گئی، ریسکیو ادارے نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو سری نگر میں واقع بھارتی فوج کے 92 بیس آرمی اسپتال منتقل کیا جہاں ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ادھر ضلع اننت ناگ میں سرچ آپریشن کے دوران 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا جب کہ ضلع کلگام، پلواما، شوپیاں اور بانڈی پورہ میں بھی سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے ضلع بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔
مقبوضہ کشمیر