مقبوضہ کشمیر میں دھماکا اور جھڑپیںِ4 بھارتی فوجی ہلاک

146

سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں کار بم دھماکے کے بعد مجاہدین کے ساتھ جھڑپوں میں 4 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے ایک بیان میں بتایا کہ اننت ناگ کے علاقے میں ہونے والی جھڑپوں میں3مزاحمت کاربھی مارے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پلوامہ میں کار بم کے حملے کے نتیجے میں بھی 2 فوجی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ ریموٹ کنٹرول بم اسی علاقے میں نصب کیا گیا تھا جہاں فروری میں بھارتی فوج کے ایک قافلے پر ہونے والے خود کش حملے کے نتیجے میں40 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔کرنل راجیش کالیا نے کار بم کو گشت پر مامور بھارتی فوجیوں کو نشانہ بنانے کی ’ناکام کوشش‘ قرار دیا۔ترجمان فوج کے مطابق کار بم حملے سے کچھ گھنٹے قبل مجاہدین اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں ایک حریت پسند اور ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا۔دوسری جانب ایک سینئر پولیس افسر نے شناخت پوشیدہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ دھماکے میں کم از کم 12 فوجی زخمی ہوئے جنہیں سری نگر فوجی اسپتاللے جایا گیا۔