ڈرون بنانے کے بین الاقوامی مقابلے میں پاکستان کی پہلی پوزیشن

408

برطانیہ میں ہر سال انسٹی ٹیوشن آف مکینکل انجینئرز کی جانب سے اختراعاتی ڈرون اور ہیلی کاپٹر وغیرہ کا عالمی مقابلہ ہوتا ہے اوراس سال نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)کے طلبا و طالبات نے اپنا جدید ترین ہیلی کاپٹر ڈرون بناکر اس مقابلے میں اول پوزیشن حاصل کی ہے۔

اس مقابلے میں نسٹ ایئرورکس کی ٹیم نے مکمل طور پر برقی(الیکٹرک)ہیلی کاپٹر تیار کیا تھا جو مقابلے میں شامل واحد ہیلی کاپٹر بھی تھا جبکہ دنیا بھر کی جامعات کے دیگر طلبا و طالبات نے جامد بازوں (فکسڈ ونگ)چھوٹے طیارے اور ڈرون پیش کئے تھے۔

یو اے ایس 2019 کے مقابلے میں نسٹ کی ایئر ورکس ٹیم بی ٹا کو اول انعام کا حقدار ٹھہرایا گیا جو پاکستان کے لیے بلاشبہ ایک بڑا اعزاز ہے جبکہ کوئنز یونیورسٹی بلفاسٹ کے دو گروپوں نے دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی۔اس کے علاوہ دیگر 32 جامعات اور تحقیقی اداروں کے نوجوانوں نے اپنے ڈرون اور ائیرسسٹم پیش کئے۔

 ان ممالک میں برطانیہ، کینیڈا، ہالینڈ اور دیگر شامل تھے۔ واضح رہے کہ خود نسٹ کی دو ٹیمیں مقابلے میں شریک تھیں جن میں ایلفا اور بی ٹا شامل ہیں ۔ تاہم غلام اسحاق خان اور صفہ یونیورسٹی کی ٹیمیں بھی مقابلے میں شریک تھیں۔