پاکستان کرکٹ بورڈ میں ڈائون سائزنگ کا آغاز، 100 ملازمین کی فہرست تیار

126

 

کراچی(سید وزیر علی قادری) پی سی بی نے ملازمین کی برطرفی کے پروانے تیار کرنا شروع کردیے،بچت مہم کے نام پر 100سے زائد ملازمین کوفارغ کیا جائے گا،اس سلسلے کا آغاز ہوچکا، حیران کن طور پر برطرف ہونے والی ابتدائی تینوں شخصیات کا تعلق سابقہ انتظامیہ کے اہم آفیشل شکیل شیخ سے ہے۔دوسری جانب باسط علی سمیت نئے کوچز کا تقرر جلد ہوگا،توصیف احمد اور وسیم حیدر بھی ورلڈکپ کے بعد این سی اے میں آ جائیں گے۔ ایک طرف جہاں پی سی بی نے بھاری تنخواہ پر برطانیہ کی شہریت رکھنے والے ایم ڈی کا تقرر کیا اور آفیشلز کے غیرملکی ٹورز پر کروڑوں روپے اڑا دیے وہیں دوسری طرف بچت مہم کا نعرہ بھی لگا دیا،ذرائع کے مطابق 100 سے زائد ملازمین کی فہرست تیارکرلی گئی جنھیں مختلف مراحل میں فارغ کر دیا جائے گا، اس میں ہیڈ آفس سمیت مختلف سینٹرزمیں کام کرنے والے آفیشلز، کوچز اورگراٗونڈ اسٹاف وغیرہ شامل ہیں، اس حوالے سے پسند ناپسند کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے، ابتدائی طور پر3ملازمین کو رخصتی کے پروانے تھما دیے گئے، حیران کن طور پر ان کا تعلق سابقہ دور کی طاقتور شخصیت شکیل شیخ کے ساتھ ؓٹایا جاتا ہے۔راولپنڈی ریجن کے صبیح اظہر اور اسلام آباد ریجن کے کوچ تیمورخان کوفارغ کردیا گیا، صبیح کی شکیل شیخ سے رشتہ داری ہے جبکہ تیمور بھی ان کے خاصے قریب ہیں، شکیل کی ہی سفارش پر بورڈ میں ملازمت پانے والے خرم ملک بھی برطرف ہو گئے، تینوں پر شک تھا کہ اندر کی باتیں شکیل شیخ تک پہنچاتے ہیںجو اپنے باس سابق چیئرمین نجم سیٹھی کو رپورٹ دیتے، حالیہ اقدامات سے ایسا لگتا ہے کہ نیا کرکٹ بورڈ بھی پرانی ڈگر پر چل پڑا ہے،ایک طرف ریجنل کوچزکو فارغ کیا جا رہا ہے دوسری جانب سابق جونیئر چیف سلیکٹر باسط علی، عمر رشید اورکبیرخان کیلیے تقررنامے کے خطوط بھی تیار ہو رہے ہیں، ورلڈکپ کے بعد فارغ ہونے والی سلیکشن کمیٹی کے ارکان توصیف احمد اور وسیم حیدر بھی دوبارہ این سی اے کوچز کی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔دریں اثناء ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئیبچت مہم کے نام پر ہونے والی چھانٹی غریب ملازمین سے مذاق ہے ، صرف ایک ٹور پرکروڑوں روپے خرچ کرنے والے ادارے کومعاشی قتل نہیں کرنے دیں گے ۔