حکومت چوروں کو راستہ دینے کی پالیسی بنا چکی ہے،عمرفاروق

97

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہا ہے کہ حکومت چوروں کو راستہ دینے کی پالیسی بنا چکی ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نے جن جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کو ٹکٹ دیے تھے وہی آج پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔ پی ٹی آئی کی کابینہ میں آدھے سے زیادہ لوگ پرویز مشرف اور آدھے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے بیٹھے ہیں۔ پی ٹی آئی پارٹی نہیں بلکہ یہ لوٹوں اور لٹیروں کا مسافرخانہ ہے۔ پوری قوم کو حکمرانوں کی نااہلی اور نالائقی کا پورا یقین ہے۔ یہ ملک و قوم کی کوئی خدمت نہیں کر سکتے۔ عوام جس طرح بنیادی سہولتوں سے پہلے محروم تھے، اس سے بڑھ کر آج بھی ہیں۔ قرضہ لینے سے خود کشی کو بہتر قرار دینے والوں نے دس ماہ کے اندر سابقہ حکومتوں سے سو گنا زیادہ قرضہ لیاہے۔ ٹیکسوں اور مہنگائی کی وجہ سے غریب کے لیے جینا تو کیا سانس لینا بھی مشکل ہوچکا ہے ۔ قوم اس حکومت کو مزید برداشت نہیں کر سکتی۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے نوجوانوں کو دھوکہ دے کر بڑا ظلم کیاہے۔ نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کر کے حکومت اب تک پانچ لاکھ نوجوانوں سے روزگار چھین چکی ہے۔ اگریہ حکومت رہی تو بے روزگاری مزید بڑھے گی۔ پچاس لاکھ لوگوں کو گھر دینے کا وعدہ کرنے والوں نے اب تک ہزاروں لوگوں کو بے گھر کردیاہے۔ دھوکہ بازحکومت اب کہتی ہے کہ انہوں نے جو وعدے کیے تھے، ان کو پورا کرنے کے لیے تو کم از کم پندرہ سال چاہئیں۔