حکمرانوں نے ملک و قوم کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے،عمران رشید

88

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 117کے امیر عمران رشید،نائب امیر محمدسلیم سلیم انصاری،کامران مگوں،چودھری عبدالغفور، رانا محمد اقرار اوردیگرنے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت بھی قرضوں کے حصول میں دوسری حکومتوں کی نقش قدم پر چل رہی ہے۔ آئی ایم ایف سے 6ارب ڈالر حاصل کرنے کے بعد کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی قوم کو نوید سنانے والے مزید قرض لینے کے اشارے دے رہے ہیں۔ بد قسمتی سے وقت کے ساتھ ساتھ موجودہ حکمرانوں کے چہروں سے بھی نقاب اترنا شروع ہوگیا ہے اور تمام خوشنما دعوئوں کی گرد تحلیل ہوتی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں میاں ارشد جاوید پی پی 117کے زونل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہا کہ حکمرانوں کی ساری توجہ ملکی وسائل اور پیداورار سے آمدنی بڑھانے، باہر سے سرمایہ کاری لانے اور معیشت کو حقیقی طور پر مستحکم کرنے کے بجائے قرضوں کے حصول تک مرکوز ہو کر رہ گئی ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بجٹ خسارے کا رونا رونے والے اپنے بعد کتنا خسارہ چھوڑیں گے؟۔ تحریک انصاف کی حکومت بھی چہروں کی تبدیلی کے ساتھ ماضی کی حکومتوں کا تسلسل ہی معلوم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارے میں کرپشن اسکینڈل سامنے آرہے ہیں۔ احتساب کے اداروں میں بھی کالی بھیڑیں موجود ہیں جنہوں نے پورے نظام کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ پوری قوم حیران و پریشان ہے کہ پاناما لیکس میں بے نقاب ہونے والے دیگر436کرپٹ پاکستانیوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جارہی؟۔پانامالیکس کے معاملے پر حکومت اور دیگر اداروں نے خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ عمران رشیدنے مزید کہا کہ حکمرانوں نے ملک و قوم کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔قوم کو خود مختاری اور غیرت کا درس دینے والے قومی عزت و وقار کو مجروح کررہے ہیں۔ اداروں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی روایت تباہ کن ہوگی ،اس سے ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلے گی۔ تمام اداروں کو قانونی دائروں میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہیے۔