کشمیریوں کو اپنے حق خوداردیت کے ساتھ جینے کا حق ہے

58

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ پنجاب کے سینئرنائب صدر راناعدنان خاننے کہا ہے کہ کمانڈر برہان مظفر وانی کشمیر کی جدوجہد آزادی کا روشن ستارہ اور باب ہے اور کشمیری نوجوانوں کیلیے ایک بہترین آئیڈیل نوجوان ہے جس نے اقوام عالم کو یہ پیغام دیا ہے کہ طاقت اور ظلم سے کسی قوم کو زیادہ دیر غلام نہیں بنایا جا سکتا۔ برہان مظفر وانی کی جدوجہد آزادی اور شہادت بھارت کے اس پروپیگنڈے کو غلط ثابت کرنے کے کافی ہے کہ یہ جدوجہد کشمیریوں کی تحریک نہیں بلکہ بیرونی مداخلت ہے۔ بھارت نہتے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دہشت گردی قرار دینے کیلیے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہاہے جبکہ بھارت اپنے جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے کشمیریوں کو اب زیادہ دیر تک ان کے حق سے محروم نہیں رکھ سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے گزشتہ 72برس سے اقوام متحدہ کی طرف سے منظور شدہ قرار دادوں پر صرف بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ بھارت 7لاکھ مسلح افواج کشمیر میں رکھ کر ظلم کے ذریعے جاری آزادی کی تحریک کو دبانے کی کوشش کررہا ہے جس کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زائد نوجوان، بچے بوڑھے کشمیری اپنی جانوں کی قربانی دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستانی اور بھارتی عوام کو آزادی سے جینے کا حق حاصل ہے اسی طرح کشمیری مسلمانوں کو بھی اپنے حق خوداردیت کے ساتھ جینے کا حق ہے جس کیلیے وہ مسلسل 72 سال سے بھارتی فوج کا ظلم و بربریت کا سامنا کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ سمیت عالمی امن کے ادارے کشمیر یوں کے خون پر خاموشی اختیار کرنے کے بجائے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔جے آئی یوتھ پنجاب کے نائب صدر نے پاکستانی حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیر کی آزادی کے حوالے سے جرات مندانہ موقف اختیار کریں اور امریکہ، مودی کی یاری میں کشمیریوں کے خون ناحق کو کسی طور پر بھی نظر انداز نہ کریں۔