ـ19 جولائی کو مزدوروں کا جلوس لیاقت باغ کیلیے روانہ ہوگا،شمس الرحمن سواتی

74

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی اعلان کیا ہے کہ مہنگائی ٗبے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف 19 جولائی کوراولپنڈی میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں ہونے والے عوامی مارچ میں بھر پور شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیشنل لیبرفیڈریشن کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میں صدرنیشنل لیبر فیڈریشن پنجاب شمالی عاشق حسین ٗ صدر ریلوے پریم یونین راولپنڈی ڈویژن ڈاکٹر اشتیاق عرفان ٗ صدر نیشنل لیبر فیڈریشن راولپنڈی ڈویژن محمد ایوب خان اور دیگر عہدیداروں نے بھی شرکت کی ۔شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ ان شا اللہ ! 19 جولائی کو مزدوروں کا ایک بڑا جلوس راولپنڈی ریلوے اسٹیشن سے لیاقت باغ کے لئے روانہ ہوگا۔ این ایل ایف سے وابستہ مختلف یونینز کے مزدور اس جلوس میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے سونامی سے سب سے زیادہ مزدورطبقہ ہی متاثر ہوا ہے۔ افسوس کہ حکومت ریلیف اور سہولت دینے کی بجائے آئے دن مہنگائی کے بم عوام پر برسا رہی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے چند ہی مہینوں میں عوام کو سخت مایوس کیا ہے۔ شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ حکومت کی نااہلی اور بد انتظامی کی وجہ سے کارخانے اور یونٹس بند ہو رہے ہیں ۔ جن کی وجہ سے مزدور بے روزگار ہورہے ہیں ۔حکومت نے اگر اس مسئلے پر فوری توجہ نہ دی تو بے روزگاری سے ہزاروں خاندان متاثر ہوں گے۔