اقوام متحدہ حق خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرے عدالت عظمیٰ آزاد کشمیر

78

مظفرآباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف آزاد جموں وکشمیر کے زیرا ہتمام پہلی ایک روزہ جوڈیشل کانفرنس کا اعلامیہ جاری کر دیا
گیا جس میں کہا گیا کہ تمام شرکائے کانفرنس انسانی وحدت، مساوات ، عالمی بھائی چارہ اور پرامن بقائے باہم پر غیر متزلزل یقین کا اظہار کرتے ہوئے اس امر کا عہد کرتے ہیں کہ تمام انسانوں کو کرہ ارض پر بلا تخصیص رنگ و نسل تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں ۔ آزاد ریاست جموںوکشمیر کی عدلیہ اور انتظامیہ اس بات کا یقین دلاتی ہے کہ تمام مذاہب کے ماننے والے ریاستی باشندوں کو مکمل آزادی کے ساتھ تمام آئینی حقو ق حاصل ہیں اور ان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائیگا۔ کانفرنس تمام عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کے اداروں سے بھی مطالبہ کرتی ہے کہ بھارتی مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کو مسلمہ حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں ، امن عالم کو یقینی بنائیں اور ریاست جموں وکشمیر کے بھارتی مقبوضہ حصہ میں جو بھارتی ریاست دہشتگردی ، بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں انہیں فوری طور پر بند کروائیں اور مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر سے بھارتی فوج کا انخلا کروایا جائے تاکہ مقبوضہ خطے کے عوام کو شہری زندگی معمول کے ساتھ گزارنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔اعلامیہ میں کہا گیاکہ کانفرنس امن عالم کے قیام اور بقاء کیلیے کشمیری عوام ، مسلح افواج پاکستان اور تمام اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور بھارت اور اس کے ہم نوائوں کی جانب سے پاکستان اور آزادخطے کے اندر ایجنٹوں کے ذریعے دہشتگردی اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی بلا جواز گولاباری ، معصوم لوگوں کی جان و املاک کو نقصان پہنچانے جیسے مذموم اقدامات کی شدید مذمت کرتی ہے۔
جموں کشمیر