عوامی مارچ سیاست پر گہرے اثرات مرتب کرے گا سید عارف شیرازی

81

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی اور عوامی مارچ کی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہ سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ آج کے عوامی مارچ کی تیاریاں اور انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کریں گے۔ مارچ جماعت اسلامی کے روایتی نظم و ضبط کا مظہر ہوگا۔ سراج الحق اس موقع پر جماعت اسلامی کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔راولپنڈی کا عوامی مارچ ملکی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزانتظامی کمیٹیوں کے ناظمین کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سید عارف شیرازی نے کہا کہ آج راولپنڈی میں مہنگائی ٗ بے روزگاری ٗآئی ایم ایف کی غلامی ٗقادیانیوں کی سرپرستی ٗ عوام دشمن بجٹ اور کرپٹ ٹولے کی سرپرستی کے خلاف عوامی مارچ ہوگا۔ اس عوامی مارچ میں مردوں کے علاوہ خواتین اور بچے بھی شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر اور کینٹ سے آنے والے تمام قافلے 4 بجے تک لیاقت باغ چوک میں قائم کردہ استقبالیہ کیمپ کے قریب اکٹھے ہوں گے۔بعد ازاں لیاقت باغ سے براستہ لیاقت سڑک فوارہ چوک تک مارچ ہوگا۔جہاں سراج الحق اور دوسرے قائدین خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا عوامی مارچ عوام کے حقوق کی ترجمانی کرے گا۔ راولپنڈی ہمیشہ سے اپوزیشن کا شہر رہا ہے۔ یہاں کے عوام نے ماضی میں ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اُمید ہے کہ راولپنڈی شہر اور کینٹ سے بڑی تعداد میں لوگ امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سینیٹر سراج الحق کو سننے کے لیے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان گھروں ٗ بازاروں اور دفاتر میں جا کر بلا تفریق تمام شہریوں کو عوامی مارچ میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں ۔ عوام موجودہ حکومت کی ایک سال کی ناقص کارکردگی سے سخت مایوس ہوئے ہیں۔ مہنگا ئی اور ظالمانہ ٹیکسوں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کا گراف تیزی سے نیچے آیا ہے۔پہلے تو دو تین سال کے بعد اور اب تو ایک سال ہونے پر ہی مڈل ٹرم الیکشن کے مطالبے شروع ہو گئے ہیں ۔سید عارف شیرازی نے کہا کہ جماعت اسلامی کے قائدین کا دامن صاف ہے۔جب بھی موقع ملا ہے تو جماعت کے لوگوں نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ عوام پی پی پی ٗ پی ایل ایم (ن)اور فوج کی حکومتیں بھگت چکے ہیں۔اب جماعت اسلامی کو موقع ملنا چاہیے۔دیانتدار اور اہل قیادت ہی ملک کے مسائل حل کر سکتی ہے۔