بھارت میں حکمراں جماعت بھارتیا جنتا پارٹی نے یہ کہہ کرحریت رہنماء سید علی گیلانی کو پاسپورٹ دینے سے انکار کردیا ہے کہ جب تک وہ بھارت کو تسلیم نہیں کرتے انہیں سعودی عرب جانے نہیں دیں گے۔
بی جے پی کے ترجمان خالدجہانگیر کا کہنا ہے کہ سید علی گیلانی گزشتہ 25سالوں سے بھارت مخالف موقف اپنائے ہوئے ہیں وہ جب تک بھارت کو تسلیم نہیں کرتے اور بھارت کے خلاف کی گئی باتوں پر معافی نہیں مانگتے انہیں بیرون ملک جانے کا پاسپورٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی پاسپورٹ بھارت کے شہریوں کو ملتا ہے نہ کہ انھیں جو ملک کے آئین اور شہریت کومانتے نہیں کرتے۔
واضح رہے کہ سید علی گیلانی اور ان کی اہلیہ نے پاسپورٹ کے حصول کےلیے درخواست دے رکھی ہے جس پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔بزرگ حریت رہنماء اپنی علیل بیٹی کی عیادت کرنے سعودی عرب جانا چاہتے ہیں۔