نئے پاکستان میں ہرروز نیا بجٹ اور نیا تنازع آتاہے،بیگا

59

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی114کے امیرعبدالستاربیگا،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم ،حاجی محمدحنیف،راناوسیم احمد ایڈووکیٹ اوردیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت جینے کا حق چھین لے تو لوگوں کے پاس احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں رہتا، نئے پاکستان میں ہرروز نیا بجٹ اور نیا تنازع آتا ہے،حکومت عوام کی پیٹھ پر روزانہ مہنگائی کے کوڑے برساتی ہے، حکومت کی نااہلی اور نالائقی سے نقصان اداروں کا ہورہا ہے،ایک جماعت کے ساتھ نتھی ہونا اداروں کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے، وڈیو لیک پر چیف جسٹس کو سو موٹو ایکشن لینا چاہیے تاکہ عدالتی نظام کو تباہی سے بچایا جاسکے، جماعت اسلامی عوام کو مہنگائی،بے روزگاری اور غربت سے نجات دلانے کیلیے تحریک چلا رہی ہے۔ میاںعبدالستاربیگانے کہا کہ عوام 2 وقت کا کھانا، نوجوان روز گار اور بے گھر چھت مانگ رہے ہیں مگر حکومت اپنے تمام وعدوں سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔ حکومت کی اب تک کی کارکردگی سے عوام اور خواص دونوں مایوس ہیں۔چودھری نویداسلم نے کہاکہ جب عوام کی آواز حکمرانوں تک نہ پہنچ رہی ہو تو پھر سوائے احتجاج کے کیا رہ جاتاہے لیکن حکومت عوام کے جمہوری حقوق بھی غصب کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ جلسے جلوس اور اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کا حق عوام کو آئین اور دستور دیتا ہے۔انہوں کہا کہ خود کو جمہوری حکومت کہنے والوں کے خلاف اگر جمہور احتجاج کررہے ہوں تو پھر حکومت کو ان کی آواز سننا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کوفوری ریلیف دینے کی طرف دھیان نہ دیا تومہنگائی کے ستائے عوام انہیں بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے۔بپھرے ہوئے لوگوں سے حکمرانوں کو کوئی طاقت بچا نہیں سکے گی۔