اے ٹی ایف اہلکاربخوبی ذمے داریاں نبھا رہے ہیں‘آئی جی بلوچستان

78

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محسن احسن بٹ نے کہا ہے کہ اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول سے 9 بیسک کورسز کا اجرا ہوچکا ہے جس میں 1716 جوان تربیت حاصل کرکے بلوچستان کے تمام اضلاع میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، پاسنگ آئوٹ پریڈ میں 320 جوان
تربیت مکمل کرچکے ہیں جس میں17 لیویز فورس کے جوان بھی شامل ہیں، پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس اور جوانوں نے اپنی جانیں قربان کرکے صوبے میں امن برقرار رکھا ہے۔اے ٹی ایف فورس کے جوانوں کو انسداد دہشت گردی سے نمٹنے کی تربیت دے رہے ہیں،اگست 2013ء میں صوبائی حکومت نے کوئٹہ میں اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول کے قیام کی منظوری دی اور اب بلوچستان کے جوان اس ادارے سے تربیت حاصل کررہے ہیں۔ صوبائی حکومت نے اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول کی تربیتی سہولیات کے لیے فنڈ مہیا کردیے ہیں،حکومت محکمہ پولیس کے جوانوں کی تربیت اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔