ایوان بالا کو سنجرانی جیسی غیر جانبدارانہ شخصیت کی ضرورت ہے،جام کمال

50

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ کے اراکین نے اپنے ضمیر کے مطابق حق رائے دہی کا اظہار کرکے سیاسی عدم استحکام کی کوشش کو ناکام بنایا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ وہ ایوان بالا کے تقدس کو بحال رکھنے کے لیے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی
حمایت کرنے والے سینیٹرز کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ آج کادن ملک کی سیاسی تاریخ کے روشن دن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور بلوچستان عوامی پارٹی حق کا ساتھ دینے والے سینیٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہیں، صدر بلوچستان عوامی پارٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان کو پہلی مرتبہ چیئرمین سینیٹ کا عہدہ ملا اور چیئرمین کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد بلا جواز تھی جسے اپوزیشن کے بعض سینیٹرز نے بھی مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے غیر جانبدارانہ رویے کو اپوزیشن اراکین بھی تسلیم کرتے اور ان کے اس کردار کے معترف ہیں اور ایوان بالا کو صادق سنجرانی جیسی غیر جانبدارانہ شخصیت کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جمہوریت کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی اپوزیشن بھی جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرے۔
جام کمال