پی ٹی آئی حکومت عوام کیلیے عذاب بن چکی ہے،عمران رشید

57

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 117کے امیرعمران رشید،نائب امیر محمدسلیم انصاری،جنرل سیکرٹری رانامحمداقرارنے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کو عوام دشمن فیصلہ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کے لیے ایک عذاب بن چکی ہے ۔ہرماہ پیٹرولیم مصنوعات اوراشیا خورونوش میں اضافہ عوام کوزندہ درگورکرنے مترادف ہے،46روپے لیٹرپیٹرول دینے کے نعرے لگا کر اقتدارحاصل کرنے والی عمران خاںحکومت عوام کی دشمن بن چکی ہے،عمران رشیدنے کہاکہ عمران خاں نے تو پیٹرول 46 روپے لٹر کرنا تھا، اب فی لٹر پر لوٹ کا مال کس کی جیب میں جا رہا ہے؟ آپ نے قوم کی روٹی، روزگار چھین لیا۔روٹی سستی کرنے کا کہہ کر پیٹرول مہنگا کر دیا جاتا ہے، پیٹرول مہنگا ہونے سے روٹی سستی نہیں بلکہ مہنگی ہو گی۔انہوں نے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافنہ نہیں ہوا اس کے باوجود پاکستان میں قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا جو آئین کے آرٹیکل 9، 14 اور 15 کی خلاف ورزی ہے۔تحریک انصاف کی حکومت اپنی نااہلی کا بوجھ غریب عوام پر ڈال رہی ہے، عیدالاضحیٰ سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر ظلم اور بے حسی کی انتہا ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ ریاست مدینہ بنانے والوں نے آنے والے عیدالاضحی کے مقدس ایام کا بھی خیال نہیں کیا، اب مہنگائی کا طوفان آئے گا۔