پیٹرولیم کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ظالمانہ اقدام ہے

62

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشد محمود،سلطان ڈوگر،محمدزید،عمران عبداللہ،سلیم انصاری اور دیگرنے حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے عوام دشمن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حکومت قیمتوں میں اضافے کو فوری واپس لے۔ضلعی صدر چودھری عمر فاروق گجر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ظالمانہ اقدام ہے حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔ مہنگائی نے غریب آدمی کا جینا حرام کر دیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ کرپشن زدہ حکمران ٹولہ ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔جے آئی یوتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کرتی ہے۔جنرل سیکرٹری راشدمحمودنے کہاکہ پٹرول 5 روپے 15 پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 65 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 90 پیسے جبکہ مٹی کا تیل 5 روپے 38 پیسے کااضافہ دراصل عوام پر ظلم ہے۔ حکومت عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈال رہی ہے اور ریلیف دینے کے بجائے پیٹرول بم گراکراپنے ناجائزاخراجات پورے کرنے کیلیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہاہے۔ رہنمائوں نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سراسر عوام پر ظلم ہے۔ حکمران جلد اپنے انجام تک پہنچنے والے ہیں ۔