الخدمت فائونڈیشن یتیم بچوں کا مستقبل محفوظ کر رہی ہے، ڈاکٹر خالد محمود

85

 

راولاکوٹ ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ الخدمت فائونڈیشن نے یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت کا بیڑہ اٹھا کر ان کے مستقبل کو محفوظ کر لیا، الخدمت فائونڈیشن کے زیر کفالت یتیم بچے تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر معاشرے کے مفید شہری بنیں گے، غریب اور یتیم بچوں کی کفالت سب پر فرض ہے، ان بچوں کی اخلاقی اور دینی تربیت کا اہتمام کر کے الخدمت نے احسن اقدام کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فائونڈیشن آزاد کشمیر کے زیر اہتمام شائننگ سٹارز کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر الخدمت فائونڈیشن آزاد کشمیر اور پاکستان کے مرکزی قائدین نے بھی خطاب کیا، سیکرٹری جنرل الخدمت فائونڈیشن آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے یتیم بچوں کے حوالے سے معزز مہمانان کو بریف کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود خان نے بچوں میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خیر موجود ہے اور اہل خیر نے ہمیشہ غریب اور یتیم بچوں کا خیال رکھا، ان کی ضروریات کو پورا کیا، اسلام نے ہمیں ایسے بچوں کی کفالت کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن آزاد کشمیر میں کیڈٹ کالج طرز کے سینٹرز قائم کررہی ہے تا کہ ان بچوں کو بھی ایسے ماحول میں تعلیم دی جائے جس سے معاشرے کے اعلیٰ افراد کے بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ آزاد کشمیر میں اہل خیر دست تعاون مزید بڑھائیں تا کہ ان بچوں کی اچھے انداز سے تعلیم وتربیت اور کفالت کا اہتمام ہوسکے۔ بچوں سے مخاطب ہو کر انہوں نے کہا کہ آپ اعلیٰ اخلاق سے میزین ہو کر معاشرے میں اپنا مقام پیدا کریں، تعلیم پر توجہ دیں، نماز پابندی سے ادا کریں، اپنی نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لیں۔