مودی کی جانب سے آرٹیکل 370 کا خاتمہ شرمناک ہے،ڈاکٹرطارق سلیم

45

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ مودی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بدترین دہشتگردی اور عالمی قوانین سے کھلواڑ کے باوجود اقوا م متحد ہ اور نام نہاد عالمی اداروں کی خاموشی شرمناک ہے،آرٹیکل 370 کا خاتمے کے باوجود کشمیریوں کے حقوق غصب نہیں کیے جاسکتے مقبوضہ وادی کے پرعزم اور بہادرعوام کودہشتگردی کے ذریعے ڈرایا یاجھکایا نہیں جاسکتا ۔ پاکستان کے عوام کشمیرکے مظلوم عوام کوتنہانہیں چھوڑیں گے اور ان کی اخلاقی وسفارتی مدد جاری رکھیں گے،اس وقت بھارتی پالیسیوں کے باعث پوراخطہ آگ کی لپیٹ میں ہے، حکمران جماعت اس اہم ایشو پرسنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کوتقسیم کرنے کے بجائے متحدکرے اورعالمی سطح پر پاکستان کی شہ رگ کشمیرکاکیس موثراندازمیں لڑے۔ بھارت کا حشرروس سے بھی بدترہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پی پی 10کی تربیت گاہ سے خطاب اورمحمدفیاض کی رہائش گاہ پرذمے داران وکارکنان کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔تربیت گاہ سے صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،امیرضلع راجا محمدجواد، نائب امیرضلع چودھری عطا ربانی،امیرزون خالدمحمود مرزا، بشیر حسین یوسفزئی سمیت دیگرذمے داران نے بھی خطاب کیا ۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ حکومت او آئی سی کا اجلاس بلا کر مسلم ممالک کی طرف سے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی ریکوزیشن دے ۔ حکمرانوں کو مسئلہ کشمیر کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا اور مذمتی بیان سے آگے بڑھنا ہوگا ۔کشمیر ی تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ بھارت 70 سال سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کچلنے کی ناکام کوششیں کر رہاہے ۔ آج کشمیر میں سات سال کے بچے سے 80 سال کے بوڑھے تک جدوجہد آزادی میں شریک ہیں ۔