میئرکراچی نے سندھ حکومت سے بقایا جات کیلیے عدالت سے رجوع کرلیا

73

کراچی ( رپورٹ: محمد انور) میئر کراچی نے کے ایم سی کا مالی بحران ختم کرنے کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے توجہ نہ دینے پر عدالت عظمیٰ، سندھ ہائی کورٹ، صوبائی محتسب ، اور صوبائی وزیر بلدیات سے رجوع کرلیا ہے۔ اپنے خط میں میئر وسیم اختر نے بلدیہ عظمیٰ کا مالی بحران ختم کرنے
کے لیے فوری طور پر 2 ارب 7 کروڑ 59 لاکھ کی ادائیگی کے لیے سندھ حکومت پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ میئر وسیم اختر نے لکھے گئے خط کی کاپی محتسب اعلیٰ سمیت مذکورہ تمام دفاتر کو ارسال کی ہے۔ وسیم اختر نے اپنے مراسلے میں واضح کیا کہ ایک ارب 7 کروڑ 95 لاکھ 31 ہزار روپے کی رقم پینشن اور پروایڈینٹ فنڈکی مد میں حکومت سندھ پر واجب الادا ہے۔ اس رقم میں مزید افراد کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ یومیہ بنیادوں پر اضافہ ہوتا جا رہا ہے جبکہ متاثرہ ریٹائرڈ ملازمین اور خصوصاً مرحوم ملازمین کے اہل خانہ اپنے بقایا جات نہ ملنے کی وجہ سے شدید پریشان ہیں ، اس پریشانی میں وہ کے ایم سی کے دفاتر پر احتجاج بھی کرنے لگے ہیں۔ اس لیے حکومت مزید اسپشل گرانٹ کے ساتھ بقایاجات ادا کرے ۔ یاد رہے کہ کے ایم سی فائر بریگیڈ کے ملازمین اور ایک سال قبل مستقل کیے جانے والے721 ایمپلائز بھی ان دنوں تنخواہیں، اوور ٹائم نہ ملنے کی وجہ سے احتجاج کر رہے ہیں۔
میئر کراچی