ضلع پشین میں دوگروپوں میں فائرنگ ،7 سالہ بچہ جاں بحق

70

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان کے ضلع پشین میں دوگروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں چلتی گاڑی میں سوار سات سالہ بچہ جاں بحق جب کہ بچی سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔پولیس کے مطابق گزشتہ روزضلع پشین کے علاقے شوکت اڈہ کے قریب مقامی ہوٹل کے سامنے دوگروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں چلتی گاڑی میں سوار سات سالہ بچہ جاں بحق جب کہ بچی سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ہیں ،جاںبحق اور زخمی ہونے والوں میں جمال شاہ ولد عبدالراشد،حاجی امیر ولد عبدالخالق ،بی بی مروہ اور بی بی صفیہ ولد نادر جان شامل ہیں ،زخمیوں کو طبی امداد کیلیے سول اسپتال پشین منتقل کردیاگیا،فائرنگ سے شہر میں خوف وہراس پھیل گیا۔ایس ایس پی پولیس طارق الہیٰ مستوئی نے پولیس کو واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کردئیے جس پر ایس ڈی پی او ارشد جدون اور سی آئی اے انچارج اسد خان مندوخیل نے پولیس نفری کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے پشین کے قاضی ہاؤسنگ اسکیم سے مشتبہ ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ دوسرے گروپ کا ملزم تاحال فرار ہے ۔ یاد رہے کہ تین سال قبل 2016ء میں پشین کے کاروباری مرکز قاضی ہاؤسنگ اسکیم میں دونوں گروپوں کے درمیان فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا اور اس وقت بھی فائرنگ سے کمسن طالبعلم جاں بحق ہوگیا تھا۔