بلوچستان ، مختلف حادثات وواقعات میں ،5افراد جاں بحق ،5 زخمی

69

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سب انسپکٹر سمیت پانچ افراد جاں بحق ،جبکہ پانچ زخمی ہو گئے۔اطلاعات کے مطابق ضلع پشین میں پولیس لائن کے قریب واقع سرکاری ہیڈ کوارٹر میں نامعلوم حملہ آوروں نے گھس کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر ملک دوست محمد جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔پولیس نے پہنچ کر لاش کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا۔جہاں ضروری کارروائی کے بعدمیت آبائی گاؤں چکوال روانہ کردی گئی۔قتل کی وجہ فوری طور پر معلوم نہ ہو سکی تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ادھر ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین میں گاڑی الٹنے کی وجہ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔اسی طرح قلات کے علاقے نیمرغ میں گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال میں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ قلات ہی کے علاقے خالق آباد میں دو قبائلی گروپوں کے درمیان پرانی دشمنی کی بنیاد پر فائرنگ ہوئی۔ فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ تحصیلدار معظم علی جتوئی نے بتایا کہ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی لیویز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، تصادم رکوا کر لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا ، فائرنگ کے الزام میں پانچ ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا جن سے تفتیش جاری ہے۔