اللہ کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کی اعلیٰ مثال قربانی ہے،دردانہ صدیقی

76

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی طرف سے بیٹے کی قربانی کا فلسفہ اللہ تعالی کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کی اعلیٰ ترین اور زندہ و جاوید مثال ہے، تاریخ اسلام میں انقلاب برپا کرنے والی ہستیاں محسنین کے درجے پر فائز ہیں جنہوں نے اسلام کی سربلندی کے لیے اپنے قیمتی اور اعلیٰ سرمائے کو قربان کرنے سے کبھی دریغ نہیں کیا ۔عزیمت وقربانی کی یہ اعلیٰ ترین مثالیں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی سے شروع ہو کر وفاداران ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم پر ختم نہیں ہوتیں بلکہ تا قیامت جاری وساری رہیں گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعۃ المحصنات کوئٹہ میں ممبرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دردانہ صدیقی نے کہا کہ انقلاب کے داعی اس فریضے کو ہر دور میں خوش اسلوبی سے ادا کرتے چلے آئے ہیں اور اس مقصد میں کامیابی کے لیے صرف دل کی اصلاح کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ بگاڑ کا منبع بھی دل ہے اور اصلاح کا مرکز بھی دل ہے، لہٰذا ہمیں دل کی نگہبانی کرنی ہے۔ دردانہ صدیقی نے کہا کہ آج اس وطن کو سنوارنا ہماری تمنا ہے توپھر ہمیں بھی بے لوث جذبے درکار ہیں۔ہم نے اس وطن کو اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان بنانا ہے یہ ہمارا خواب ہے اور اس خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے حضرت ابراہیم علیہ السلام کا فلسفہ قربانی پھرسے زندہ کرنا ہو گا۔