سری نگر (خبر ایجنسیاں) سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی بیٹی ثنا مفتی نے ایک آڈیو پیغام کے ذریعے مقبوضہ کشمیرکے حالات سے آگاہ کرتے ہوئیبتایا کہ وادی کے حالات کشیدہ ہیں اور خوف کا ماحول ہے‘ ان سے جانوروں کے ریوڑ جیسا برتائو کیا جا رہا ہے‘ آرٹیکل 370 ختم کرنے پر کشمیریوں میں اشتعال پایا جاتا ہے‘ کشمیریوں کو اپنے جذبات کے اظہار کی اجازت نہیں۔ ثنا مفتی نے مزید کہا کہ پوری وادی سمیت ہمارے فون بھی بند ہیں‘ بھارتی قیادت کا مقصد کشمیریوںکے حوصلے توڑنا ہے۔ علاوہ ازیں جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے چیئرمین اور سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ وہ اپنے گھر میں نظر بند ہیں اور ان کے گھر کے باہر پولیس تعینات ہے‘ بھارتی جنتا پارٹی مسلمانوں اور ہندوئوں کو تقسیم کرنا چاہتی ہے‘ یہ امید نہیں تھی کہ وہ ایسا کرے گی‘ بھارت کشمیریوں کو مارنا چاہتا ہے اور ان کے بیٹے سمیت کئی رہنما جیلوں میں اسیر اور گھروں میں نظربند ہیں۔ دریں اثنا بھارت کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری طلبہ نے بھی بی جے پی کے کشمیر سے متعلق فیصلے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔