بلوچستان ، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کشمیر کیلیے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی ریلیاں

91

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیوں اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ، مختلف اضلاع میں سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں کی جانب سے ریلیاں ،مظاہرے اور دھرنے منعقد کیے گئے۔کوئٹہ میں جمعیت علما اسلام اور جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کیے جانے کے خلاف کوئٹہ میں ریلیاں نکالی گئیں اور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔شرکا نے بھارتی حکومت کے اقدامات کے خلاف نعرے لگائے اور مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کشمیر میں بھارتی اشتعال انگیزیوں کا نوٹس لے ، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ، بھارت نے مہم جوئی کی تو پوری پاکستانی قوم پاک فوج کیساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہو گی۔ضلع ڈیرہ بگٹی میں بھارتی مظالم کے خلاف ریلی نکالی گئی ، جس میں تاجر برادری ، علما کرام اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔ریلی کے شرکا نے بینرز اٹھارکھے تھے جن پر کشمیر کے پاکستان سے الحاق کے نعرے درج تھے۔جعفر آباد میں بھی جماعت اسلامی کے تحت ریلی نکالی گئی ، مظاہرین نے سندھ ، پنجاب اور بلوچستان کو ملانے والی مرکزی قومی شاہراہ کو احتجاجاً بلاک کر دیااور مودی سرکار کے خلاف شدید نعرے لگائے۔ضلع خضدار میں کھٹان سے پریس کلب تک بلوچستان عوامی پارٹی کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی ، شرکا کا کہنا تھا کہ نہتے عوام پر کلسٹر بموں کا استعمال عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ہمیں تمام ذرائع سے کشمیریوں کی آواز کو اٹھانا چاہیے۔ضلع ہرنائی میں جمعیت علما اسلام کے تحت کشمیر میں بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف ریلی اور مظاہرہ کیا گیا۔ شرکا نے بھارت کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ بھارتی فوج نے کشمیر کے نتہے مظلوم عوام پر ظلم کے پہاڑکھڑے کرکے قتل وغارت کاسلسلہ شروع کردیاہے، اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے بھارت کو فوری طور پر لگام دے۔ضلع سبی میں انجمن تاجران کی اپیل پر مکمل شٹرڈائون ہڑتال کی گئی جبکہ تمام کاروباری مراکز ،مارکٹیں اور دکانیں مکمل طور پربند رہیں۔ انجمن تاجران کی سول سوسائٹی اور آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے کشمریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی اورپریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا۔