سندھ میں آج سے شدید بارش کی پیش گوئی ،مراد علی شاہ پی ڈی ایم اے سربراہ برہم

153

کراچی ( رپورٹ : محمد انور) محکمہ موسمیات کی جانب سے آج سے 13 اگست تک شدید بارش کی پیشگوئی کے بعد سندھ حکومت نے ممکنہ تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے تمام تر حفاظتی اقدامات مکمل کرلیے ہیں‘ سندھ بھر میں صوبائی وزر اامدادی کاموں کی نگرانی کریںگے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں حالیہ بارش کے دوران ناقص کارکردگی پر سربراہ پی ڈی ایم اے پر اظہار برہمی کیا جبکہ اجلاس میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے 10تا 13اگست کو شدید بارش کی پیش گوئی کے بعدوزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر تمام تر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ صوبائی وزرا سعید غنی، کراچی شرقی اور کورنگی، مرتضیٰ بلوچ کراچی ملیر اور غربی، مرتضیٰ وہاب کراچی جنوبی اور سیدہ شہلا رضا کراچی وسطی کے اضلاع میں ممکنہ شدید بارش کے دوران امدادی کاموں و دیگر سرگرمیوں کی نگرانی کریں گی جبکہ میر شبیر بجارانی ضلع حیدرآباد، قاسم نوید قمر ٹنڈو محمد خان، مکیش کمار چاؤلہ ٹنڈو الہیار، ہری رام میرپورخاص، اعجاز شاہ شیرازی سجاول، اسماعیل راہو بدین، اویس شاہ ٹھٹھہ، ڈاکٹر عذرا پیچوہو شہید بے نظیر آباد، تیمور ٹالپر عمرکوٹ، سید سردار علی شاہ تھرپارکر، فراز ڈیرو سانگھڑ اور مخدوم محبوب الزمان مٹیاری اضلاع میں امدادی کاموں و دیگر سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ کی صدارت میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی کارکردگی کو انتہائی خراب قرار دے کر اتھارٹی کو بارشوں سے قبل اپنا نظام بہتر بنانے کی ہدایت کردی گئی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جمعرات کو وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں مختلف ڈویژن کے انتظامی سربراہان کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز نے حالیہ بارشوں کے دوران ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ بارش کے پانی کو نکالنے کے لیے ڈی واٹرنگ پمپ اور دیگر مشینری فوری نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات میں اضافہ ہوا تھا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سی ایم نے اتھارٹی کے سربراہ پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ آئندہ اس طرح کی شکایات نہیں ملنی چاہئیں۔ یاد رہے کہ مذکورہ اتھارٹی کے ڈی جی کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کے ایک رہنما تک پہنچ رکھنے کی وجہ سے اپنی ذمے داریوں میں دلچسپی نہیں لیتے حالانکہ اس ادارے کا اربوں روپے کا بجٹ ہے۔
بارش پیشگوئی