کشمیریوں نے تاریخ انسانی کی بے مثال قربانیاں پیش کیں، عارف شیرازی

368
فیصل آباد : ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی کی قیادت میں یکجہتی کشمیر ریلی شاہراہ سے گزر رہی ہے
فیصل آباد : ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی کی قیادت میں یکجہتی کشمیر ریلی شاہراہ سے گزر رہی ہے

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی، جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد، نائب اُمراء شیخ مسعود احمد، چودھری سرفراز احمد، چودھری منیر احمد، ضیااللہ چوہان، ڈپٹی جنرل سیکرٹریز محمد طارق رضا، چودھری یاسین ظفر، راجہ ممتاز حسین، ملک عبدالعزیز، عمران خان اور سیکرٹری اطلاعات ملک محمد اعظم نے شدید بارش کے باوجود اسلام آباد میں کشمیر بچائو مارچ کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے قائدین، منتظمین اور شرکاء کو مبارکباد دی ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں جماعت اسلامی کے ضلعی عہدیداران نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں طویل عرصے سے آواز اُٹھا رہی ہے۔ ان کی لازوال اور بے مثال جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کشمیریوں نے تاریخ انسانی کی بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔ تمام تر ظلم و ستم کے باوجود کشمیریوں نے بھارت کی غلامی کو قبول نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور کشمیر کی اس حیثیت کو اقوام متحدہ نے تسلیم کیا ہوا ہے۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ کی متعدد قرار دادیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ریاست جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت کو تبدیل کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے یہ سراسر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی ہے۔ بین الاقوامی قوانین اس بات کی اجازت نہیں دیتے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانی حقوق کی بدترین پامالی کر رہا ہے۔ گھر گھر تلاشی کے بہانے نوجوانوں کی گرفتاریوں اور ان پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ کشمیریوں کی نسل کُشی کی جا رہی ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پاکستان کو فوری طور پر اس مسئلے کو اقوام متحدہ میں اُٹھانا چاہیے۔ او آئی سی بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔ نیز پاکستان بڑی طاقتوں اور اسلامی ممالک سے بھی اس ضمن میں ضروری مشاورت کرکے ان کی حمایت حاصل کرے۔