یتیم و مستحق بچوں کومعاشرے کا بہترین انسان بنانا ہمارا فرض ہے،عظیم رندھاوا

55

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)معاشرے کے یتیم و مستحق بچوں پر اپنا دست شفقت رکھ کر ان کوبھی اپنے بچوں کی طرح اچھی تعلیم و تربیت کا حق دلا کر ان کو معاشرے کا بہترین انسان بنانا ہمارا فرض ہے، اسی میں ہمیں حقیقی دل کا سکون اور اللہ پاک اور اس کے حبیب ؐ کا قرب خاص حاصل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے ضلعی امیرانجینئرعظیم رندھاوانے الخدمت فائونڈیشن کے شعبہ ’’آرفن کیئر پروگرام‘‘ کے تحت عیدالاضحی کے موقع پر یتیم بچوں میں عیدگفٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آرفن کیئر پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالجبار عباسی، انچارج آرفن کیئر پروگرام الیاس منج، فیصل حمیدخان ، یوسف گل پراچہ، انجم اقبال بٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے اور اپنے پاکستان کے مستقبل کو محفوظ اور روشن بنانا ہے تو ہم کو اپنے آس پاس معاشرے کے پسے ہوئے طبقے سمیت مستحق اور یتیموں کی مدد اور کفالت کر کے اپنے ہی ان محروم اور مجبور لوگوں کی محرومیوں اور مجبوریوں کو ختم کرنے کے لیے اپنا دل بڑا کر کے اور بڑھ چڑھ کر آگے آنا ہوگا۔ ڈاکٹرعبدالجبارعباسی نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن اللہ کی مدد، تائید اور درد دل رکھنے والے لوگوں کے بھرپور تعاون سے لاکھوں دکھی لوگوں کی بغیر کسی رنگ و نسل اور فرقے کے مسلسل 15 سال سے تعلیم، صحت، قدرتی آفات، یتیم بچوں کی کفالت اور مستحق لوگوں میں راشن تقسیم جیسے کام بلاتفریق، بے لوث، ہمہ وقت خدمات سرانجام دے کر قوم اور معاشرے کی اصل خدمت کررہی ہے اور الحمد للہ الخدمت فائونڈیشن فیصل آباد میں 350 سے زائد یتیم اور مستحق بچوں کی مکمل تعلیم و تربیت کی کفالت بھی مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے اور اسی طرح مجموعی طور پر الخدمت فائونڈیشن فیصل آباد کے جاری مختلف شعبہ جات کے تحت شہر سمیت ضلع بھر میں سالانہ 2 سے 3 لاکھ سے زائد مستحق افراد مستفید ہورہے ہیں۔