سلامتی کونسل بھارت پر دباؤ ڈال کر مقبوضہ کشمیر میں قتل عام بند کرائے ،سردار مسعود

54

مظفرآباد (صباح نیوز )آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہوئے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر بھارت پر دبائو ڈال کر مقبوضہ کشمیر میں قتل عام بند کرائے، مقبوضہ وادی میںمحصور آبادی تک خوراک اور زندگی بچانے والی ادویات کی
فراہمی کے لیے راہداری کھولے اور کشمیر کے حوالے سے اپنی منظور کردہ قراردادوں کو عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ جنوبی ایشیا میں جنگ کے منڈلاتے خطرات کو کم کیا جاسکے ۔ ایوان صدر مظفرآباد میں پاکستان بھر سے آئے ٹیلی ویژن اینکرز اور پاکستان میڈیا کلب کے 25رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ جنگ کو روکنا ، امن کے قیا م کو یقینی بنانا اور انسانی مصائب کا سبب بننے والے تنازعات کو حل کرنا سلامتی کونسل کی بنیادی ذمے داری ہے اور ہمیں توقع ہے کہ سلامتی کونسل مستقل کے ارکان اپنی یہ ذمے داری پوری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 7 دہائیوں سے مقبوضہ جموںو کشمیر میں ایک جارح ملک کی حیثیت سے قابض ہے بلکہ اب اس نے بغیر کسی مینڈیٹ کے مقبوضہ ریاست کو 2 حصوں میں ٹکڑے کر کے اسے ایک نو آبادی میں تبدیل کر دیا ہے ۔ بھارت کا یہ اقدام سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے علاوہ جنیوا کنونشن اور دوسرے بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔ انہو ں نے کہااقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اقوام متحدہ کے چارٹرز کے باب ششم کے تحت کشمیر پر اپنی قراردادیں منظور کی جن پر عملدرآمد نہ ہونے کے بعد اب ضروری ہوگیا ہے کہ سلامتی کونسل چارٹرز کے باب ہفتم کے تحت اس تنازع کو حل کرنے کے لیے نئے اقدامات کیے جائیں۔ صدر آزاد کشمیر نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 10 دن سے پوری مقبوضہ ریاست کا رابطہ دنیا سے منقطع ہے اور ہمیں نہیں معلوم کہ بھارت مکمل میڈیا بلیک آئوٹ کر کے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کیا سلوک کر رہا ہے ۔ وادی میں مکمل قحط کی صورتحال ہے، محصور آبادی کو خوراک و ادویات کی شدید ضرورت ہے۔ بچے بھوک سے بلک رہے ہیں اور زخمیوں کو اسپتال لے جانے سے بھارتی فوج روک رہی ہے ۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ بھارت پلوامہ طرز کا کوئی واقعہ خود کروا کر اس کا ملبہ پاکستان پر ڈال سکتا یا بغیر کسی وجہ کے پاکستان پر حملہ کر کے مقبوضہ کشمیر پر مرکوز دنیا کی توجہ ہٹا سکتا ہے۔
سردار مسعود خان