وزیر اعظم کا اعلان کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات لاحاصل ہیں لائق تحسین ہے

51

مظفرآباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے یہ اعلان کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات لاحاصل ہیں لائق تحسین ہے ،بھارت نے ہمیشہ مذاکرات کو تحریک آزادی کشمیر کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے جب بھی عالمی سطح پر یا عسکری قوت کی وجہ سے بھارت پر دبائو بڑھا تو اس نے مذاکرات کا ڈھول ڈال کر دبائو کو کم کرنے کے لیے استعمال کیا ہے ،بھارت لاتوں کا بھوت ہے وہ باتوں سے ماننے والا نہیں ہے ایک کروڑ انسانی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے جو مسلسل 18دنوں سے کرفیو میں ہیں خوراک،ادویات اور بچوں کے دودھ کی شدید قلت ہے اس لیے کشمیریوں کی زندگیوں کو بچانے کے لیے جہاد کا اعلان کیا جائے ،حکومت پاکستان فوری طور پر جہاد کا اعلان کرے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ اقوام عالم نے کشمیریوں کے لیے کچھ نہیں کیا اس لیے اب بھی ہمیں زیادہ توقعات عالمی برادری سے نہیں رکھنی چاہیں اللہ کے بھروسے پر جہاد کا آغاز کرنا چاہیے اسی سے کامیابی ملے گی ۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے اندر ریلیف پہنچانے کا اہتمام کریں یہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ بھارت 18دنوں سے کرفیو نافذ کر کے کشمیرکو قتل گاہ میں تبدیل کیے ہوئے ہے لیکن عالمی سطح پر کسی ایک ملک نے بھی یہ نہیں کہا کہ بھارت کرفیو اٹھائے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کفر ایک ملت ہے اور مسلمان الگ ملت ہے کفر سے امیدین وابستہ کرنے کے بجائے اللہ کی طرف رجوع کیا جائے اور اپنے بھائیوں کی عملی مدد کے لیے اقدامات کیے جائیں مسلمانوں کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا صرف جذبہ جہاد بیدار کرنے کی ضرورت ہے افغانوں کے پاس جذبہ جہاد اور اللہ کے بھروسے کے سوا کچھ نہیں تھا۔ انہوں نے اللہ کے بھروسے پر دنیا کی 3سپر طاقتوں کو شکست دی ہے تو کشمیری نام نہاد بھارتکو شکست کیوں نہیں دے سکتے۔