حکومت عوام کو سہولیات دینے کے بجائے چھین رہی ہے،عمران رشید

47

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی117کے امیر عمران رشیدنے کہاہے کہ تبدیلی سرکار کے مہنگائی کے سونامی میں پوری قوم ڈوب چکی ہے۔ حکومت عوام کو سہولیات دینے کے بجائے چھین رہی ہے، جو قابل مذمت ہے۔ شہر کے سرکاری اسپتالوں میں ٹیسٹوں کی فیسز میں اضافہ، سرکاری اور پرائیویٹ سفری سہولیات کے کرایہ میں اضافے سمیت آٹا، چینی، دالیں، سبزیوں اور تمام اشیا خورونوش کی قیمتوں میں ہو شربا اضافے سے مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے۔ حکومت اگر عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتی تو ان کے لیے مزید مشکلات بھی پیدا نہ کرے۔انہوں نے مزیدکہاکہ کہا کہ حکمران عام آدمی کو ریلیف دینے کے بجائے کمر توڑ مہنگائی کے ذریعے ان کا خون نچوڑ رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کے ظالمانہ خفیہ معاہدوں کا خمیازہ پوری قوم ابتر معاشی صورتحال اور کمر توڑ مہنگائی کی صورت میں بھگتنے پر مجبور ہے۔ غریب اور مزدور کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ترین ہوچکا ہے۔ حکمرانوں کے الیکشن سے قبل کیے گئے تمام دعوے اور وعدے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ تبدیلی سرکار نے ایک سال میں قوم کو بدترین مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران احتساب اور مدینہ کی ریاست کے نام پر قوم کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔ پاناما میں 436 افراد کا نام تھا لیکن بدقسمتی سے چند افراد کا ابھی ٹرائل چل رہا ہے۔ لوٹا ہوا پیسہ واپس کرنے کے بجائے یہ قومی مجرم مزید قومی خزانے پر بوجھ بنے ہوئے ہیں۔