علما کرام جمعہ کے خطبات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کریں

66

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل راجا فاضل حسین تبسم نے اپیل کی ہے کہ آج آزادکشمیر ،گلگت بلتستان کے علما کرام اور خطبا حضرات جمعہ کے اجتماعات میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو اجاگر کریں ،مقبوضہ کشمیر کی قیادت نے آج جمعہ کو کرفیو توڑنے کی کال دی ہے پندرہ لاکھ قابض فوج اور آرایس ایس کے غنڈے اس کال کو ناکام بنانے کے لیے قتل عام کریں گے عالمی برادری اس مرحلے پر کشمیریوں کو نماز جمعہ کی ادا ئیگی اور ان کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلیے اقدامات کرے ، 15لاکھ قابض افواج اور بھارت سرکار نے مسلمانوں کو دینی فریضے سے روک کر سوا ارب مسلمانوں کے ایمانی جذبات کو لکارا ہے ،ایک کروڑ مسلمانوں کو دینی فریضہ ادا کرنے سے روکنا دین میں مداخلت ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے علما کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر عملاً ایک قید خانہ بن چکا ہے اور اس میں ایک کروڑ انسان طاقت کی بنیاد پر قید کر دیے گے ہیں ان کا جرم اپنے حق کے حصول کی بات کررہے ہیں جس کا خود بھارت کی قیادت نے دینے کا وعدہ کررکھا ہے ۔اطلاعات کے مطابق قابض بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر نوجوانوں کو گرفتار کر کے لاپتا کررہی ہے خواتین کو بے آبرو کیا جارہا ہے انسانی ضروریات سے کشمیریوں کو 18دن سے محروم رکھا گیا ہے جس سے بڑے انسانی المیے کے رونما ہونے کے خدشات پائے جارہے ہیں ۔علما کرام اس موقع پر اپنے خطبات جمعہ میں ظلم کو بے نقاب کریں ۔