مہنگائی اور بے روزگاری نے مزدور کی کمر توڑ دی ہے،شمس الرحمن سواتی

70

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی ) نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے مزدور کی کمر توڑ دی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ مزدور ظلم کے نظام کے خلاف متحد ہو کر جدوجہد کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشہ روز نیشنل لیبر فیڈریشن راولپنڈی ڈویژن کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میں صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پنجاب شمالی عاشق خان ٗصدر راولپنڈی ڈویژن اصغر خان ٗصدر ضلع راولپنڈی محمد ایوب خان ٗ صدر پریم یونین (سی بی اے ) راولپنڈی ڈویژن ڈاکٹر اشتیاق عرفان ٗچیف آرگنائزر پی ٹی سی ایل یونین ( سی بی اے ) حکیم عزیزالرحمن ٗڈاکٹر تہذیب الحسن ٗساجد عباس عباسی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت تبدیلی کے نام پر مزدوروں اور کسانوں کا استحصال ہو رہا ہے۔ ملک بھر کے پونے سات کروڑ مزدور متحد ہو جائیں ۔ہم ایسا نظام چاہتے ہیں کہ جس میں تعلیم اور علاج سب کے لئے برابر ہو اور ہر شخص کے لئے چھت ہو ۔ مزدور کو عزت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں مزدوروں کو بہت دھوکے دیے گئے ہیں ۔مزدوروں کو استعمال تو کیا گیا مگر مزدوروں کے مسائل کو حل نہیں کیا گیا ۔ عالمی اور ملکی قوانین کے مطابق مزدوروں کو ان کا حق اور سہولیات نہیں دی جاتیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن ملک بھر کے مزدوروں کو منظم کر رہی ہے۔ مزدوروں کوکامیابی ان کے اتحاد اور یکجہتی کی صورت میں ہی مل سکتی ہے۔